غزہ میں 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فروسز نے مزید حملے کیے جن میں 112 فلسطینی شہید ہوئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں میں 173 فلسطینی زخمی ہوئے۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 28 ہزار 176 ہوگئی ہے جبکہ 67ہزار 784 فلسطینی زخمی ہیں۔
شہادتوں کی یہ نئی تعداد اس وقت سامنے آئی ہے جب اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ کے جنوبی شہر رفح پر حملہ متوقع ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اس ہفتے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے اسرائیلی فوجیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ بے گھر فلسطینیوں سے بھرے شہر رفح میں داخل ہونے کے لیے تیار رہیں کیونکہ اسرائیل غزہ سے حماس کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے اس شہر میں آپریشن کرنا چاہتا ہے۔
بنجمن نیتن یاہو کے اس اعلان پر غیر ملکی حکومتوں بشمول امریکا اور بین الاقوامی امدادی اداروں کی طرف سے تشویش کا اظہار کیا گیا تھا جو جنگ کے نتیجے میں غزہ میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران سے لڑ رہے ہیں۔