IM case

خاتون جج کو دھمکی: عمران خان کی کل پیشی، سرکلر جاری

eAwaz پاکستان

خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے پر توہینِ عدالت کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے حوالے سے سرکلر جاری کیا گیا ہے۔

جاری کیے گئے سرکلر کے مطابق عدالتِ عالیہ کا لارجر بینچ کل (22 ستمبر کو) دن ڈھائی بجے کیس کی سماعت کرے گا۔

سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے کمرۂ عدالت نمبر 1 میں انٹری رجسٹرار آفس کے جاری کردہ پاس سے مشروط ہو گی۔

سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان کی لیگل ٹیم کے 15 وکلاء کمرۂ عدالت میں موجود ہوں گے۔

اٹارنی جنرل آفس اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 15 لاء افسران کو کمرۂ عدالت میں داخلے کی اجازت ہو گی۔

سرکلر میں ہدایت دی گئی ہے کہ کورٹ ڈیکورم برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس خصوصی سیکیورٹی انتظامات کرے۔