Sheikh Rasheed11

فواد چوہدری کی گرفتاری کے بعد حکومت کے ارادے واضح ہوگئے، شیخ رشید

eAwaz پاکستان

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے فوادی چوہدری کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری کی گرفتاری میں الیکشن کمیشن سیاسی فریق بن گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیخ رشید نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام پرچے کروانا نہیں الیکشن کروانا ہے، حکومت کے ارادے واضح ہو گئے ہیں، عوام کو سمجھ جانا چاہیے یہ الیکشن نہیں کچھ اور کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط سے پہلے گرفتاریوں کا دور شروع ہو گا، جس کے بعد حکومت کا سڑکوں پر کام تمام ہو جائے گا، زرمبادلہ کے ذخائر 4 بلین سے کم اور آئی ایم ایف کی شرائط سر پر ہیں، وزیروں کا جمعہ بازار لگا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سیاسی، اقتصادی، معاشی اور توانائی کا بحران حکومت کے گلے پڑنے والا ہے، ملک جام ہے حکومت کا کام تمام ہے۔

سابق وفاقی نے کہا کہ فواد کی گرفتاری جلتی پر پیٹرول کا کام کرے گی، اب ملک الیکشن کے بجائے تشدد کی راہ پر چل پڑا ہے، فیصلے سڑکوں پر ہوں گے۔

عوامی مسلم لیگ سربراہ نے مزید کہا کہ جو قوم الیکشن کمیشن پر اعتبار نہیں کر رہی وہ الیکشن کے نتائج پر کیا خاک اعتبار کرے گی، چھوٹا بھائی پرائم منسٹر ہے اور بڑے بھائی کے پاکستان آنے پر پاؤں میں مہندی لگی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن کا مطالبہ کرنے والے الیکشن پر جانے کے لیے تیار نہیں ہیں، نیب ترامیم سے فائدہ اٹھانے والے عنقریب قوم کے احتساب کی بھینٹ چڑھیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو لاہور سے اسلام آباد پولیس نے گرفتار کیا گیا ہے۔