Prime Minister Imran Khan will meet Russian President Vladimir Putin today

وزیراعظم عمران خان روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے آج ملاقات کرینگے

eAwaz پاکستان

وزیراعظم عمران خان آج بروز جمعرات 24 فروری کو روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ون آن ون اہم ملاقات کریں گے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور افغانستان سمیت خطے کی صورت حال پر بات ہوگی، جب کہ توانائی شعبے پر بھی عمران خان اور پیوٹن بات چیت کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات میں معاشی شراکت داری سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کریں گے۔ اس کے علاوہ عمران خان اربوں ڈالر کے گیس پائپ لائن منصوبے کی تعمیر پر بھی زور دیں گے جو روسی کمپنیوں کے اشتراک سے شروع ہونا ہے۔ خیال رہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات ایسے موقع پر ہو رہی ہے جب مغربی ممالک نے روس پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس سے متعلق جاری اعلامیہ کے مطابق صدر پیوٹن اور وزیراعظم عمران خان کی ملاقات اس دورے کا اہم ترین جزو ہے۔

پاکستان کے وزیر توانائی کے ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کی خواہش ہے کہ گیس پائپ لائن منصوبہ جلد سے جلد شروع کیا جائے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں سربراہان مملکت کی ملاقات میں اسلاموفوبیا، افغانستان کی صورتحال اور پاک روس تجارتی تعلقات خاص طور پر توانائی کے شعبے پر بات چیت ہوگی۔ وزیراعظم اس دوران روس کے نائب وزیراعظم، سرمایہ کاروں اور تاجروں سے بھی ملیں گے

وزیراعظم عمران خان اس موقع پر ماسکو میں روس کی سب سے بڑی مسجد اور اسلامک سینٹر کا دورہ بھی کریں گے۔ بعد ازاں وزیراعظم دورہ روس مکمل کرنے کے بعد آج رات پاکستان کے لیے روانہ ہوجائیں گے

نیوز سورس سماء ٹی وی