Nomination papers of Shahbaz Sharif and Shah Mehmood Qureshi submitted for election of new Prime Minister

نئے وز یر اعظم کے انتخاب کیلئے شہبازشریف اور شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی جمع

eAwaz پاکستان

قومی اسمبلی میں ہونے والے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے ہیں جہاں تحریک انصاف نے شاہ محمود اور متحدہ اپوزیشن نے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

واضح رہے کہ رات گئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد منظور ہو گئی تھی جس کے بعد وہ وزیراعظم کے عہدے سے ہٹ گئے تھے۔

اتوار کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملیکہ بخاری نے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی وصول کر لیے ہیں۔

ملیکہ بخاری نے کہا کہ کور کمیٹی میں مشاورت کے بعد کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا فیصلہ کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی زین قریشی بھی پارلیمنٹ ہاوس پہنچ گئے اور انہوں نے کہا کہ میدان خالی چھوڑنا نہیں چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی کا فیصلہ ہے اور پارٹی ہی فیصلہ کرے گی کہ قائد ایوان کے انتخاب کے لیے کس کو نامزد کرنا ہے۔

بعدازاں پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی کے بطور وزیر اعظم کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے۔

شاہ محمود قریشی کے 4 فارمز قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروائے ہیں جس میں عامر ڈوگر، علی محمد خان بالترتیب تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ وزیراعظم کے لیے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جا رہے ہیں۔

متحدہ اپوزیشن نے وزیر اعظم کی نامزدگی کے کاغذات جمع کروا دیے، میاں محمد شہباز شریف نے خود کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

شہباز شریف کے 13 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں جس میں خواجہ آصف اور رانا تنویر ان کے تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ ہیں۔

بھارت کے ساتھ امن کے خواہاں ہیں، شہباز شریف
نامزد وزیراعظم شہبازشریف نے کی میڈیا سے غیر رسمی خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ امن کے خواہاں ہیں لیکن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر امن ممکن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ہم آہنگی ہماری میری پہلی ترجیح ہے اور نئی کابینہ کی تشکیل اپوزیشن رہنماوں کی مشاورت کے ساتھ ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہوگی کہ ملکی معیشت بہتر کر کے عوام کو ریلیف دے سکیں، ملک میں نئے دور کا آغاز کریں گے اور باہمی احترام کو فروغ دیں گے۔

جب شہباز شریف سے سوال کیا گیا کہ میاں نوازشریف کب واپس آئیں گے اور ان کے کیسزکا کیا بنے گا تو انہوں نے جواب دیا کہ میاں نواز شریف کے کیسز قانون کے مطابق دیکھے جائیں گے۔

دوسری جانب قائد ایوان کے انتخاب کی نامزدگی اور جانچ پڑتال کے اوقات میں تحریک انصاف کی درخواست پر ایک بار پھر تبدیلی کی گئی ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے اور جانچ پڑتال پہلے سے جاری ٹائم پر ہی ہو گی۔

قائد ایوان کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت دوپہر 2 بجے ہی ہے اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال سہ پہر 3 بجے کی جائے گی۔

اپوزیشن کے وفد نے سیکریٹری قومی اسمبلی سے ملاقات کی اور کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں تبدیلی واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

اپوزیشن کے رہنماؤں میں نوید قمر، عطا تارڑ اور شزا فاطمہ شامل تھے۔

ادھر قومی اسمبلی کا 11اپریل 2022 بروز پیر کو منعقد ہونے والے اجلاس کا ٹائم تبدیل کردیا گیا ہے اور اب اجلاس دن 11 بجے کے بجائے دوپہر 2 بجے منعقد ہو گا۔

نیوز سورس ڈان نیوز