گزشتہ برس ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرنے والے ڈاکٹر حافظ ولید ملک جنہوں نے مختلف مضامین میں ٹاپ کرنے پر 29 گولڈ میڈل حاصل کیے تھے، انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ابھی تک کسی اسپتال میں نوکری نہیں مل سکی ہے۔
چند روز قبل ڈاکٹر ولید نے انسٹاگرام پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے متعدد اسپتالوں میں درخواستیں دی ہیں لیکن نوکری نہیں ملی، انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوکریوں کی صورتحال میرٹ کی بجائے سفارش پر ہے۔
انہوں نے لکھا ‘میں 20 سے زائد اسپتالوں میں نوکری کے لیے درخواستیں دے چکا ہوں لیکن نوکری نہیں ملی، یہاں 99 فیصد سفارش جب کہ ایک فیصد میرٹ پر نوکری دی جاتی ہے، ہوسکتا ہے میں غلط ہوں لیکن میں نے یہ ہی دیکھا ہے’۔
ولید نے انسٹاگرام پر مزید لکھا کہ ‘صرف میرٹ کی بالادستی ہونی چاہیے لیکن یہ نظام ٹھیک ہونے والا نہیں لگتا’۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین نے ولید کی اسٹوری کا اسکرین شاٹ لیا اور مختلف جگہوں پر پوسٹ کردیا جس کے بعد ان کی یہ اسٹوری وائرل ہوگئی۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ولید نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ سال لاہور کے امیر الدین میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس مکمل کیا اور پھر لاہور جنرل اسپتال میں ہاؤس جاب کی۔