وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی تاحیات نااہلی اور پارٹی کی صدارت سے ہٹانے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال سے درخواست کریں گے کہ وہ اس کو نہ سنیں۔
رانا ثناء اللّٰہ کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کا پاکستان آنا ان کی صحت اور الیکشن سے مشروط ہے، انتخابات انشااللّٰہ اکتوبر میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم نوازشریف اور سابق پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین سمیت ماضی میں 184/3 کے تحت نااہل ہونے والوں کو اپیل کا حق مل گیا ہے۔
اس سلسلے میں سپریم کورٹ ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈر ایکٹ کے نفاذ کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، قانون کے تحت 184/3 کے فیصلوں پر اپیل سپریم کورٹ کا لارجر بینچ سنے گا۔