پاک فوج: لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے کے افسر سمیت 3 افسروں کو نوکری سے فارغ

eAwazآس پاس

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنر ل احمد شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج نے اپنے خود احتسابی کے عمل کو مکمل کر لیا، جو افسران جی ایچ کیو، جناح ہاؤس اور فوجی تنصیبات کی حفاظت میں ناکام رہے ان کے خلاف کارروائی ہوئی ہے، لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے کے افسر سمیت 3 افسروں کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) میجر جنرل احمد شریف نے سانحہ 9 مئی سے متعلق پریس بریفنگ میں کہا کہ جو کام دشمن 76 سال میں نہ کرسکا وہ 9 مئی کو مٹھی بھر شرپسندوں نے کیا، 9 مئی کے واقعات کیلئے پہلے سے اضطراب پیدا کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ توقع نہیں تھی کہ ایک سیاسی جماعت اپنے لوگوں کو فوج پر حملوں پر اُکسائے گی، ایک سال سے سیاسی مقاصد اور اقتدار کی ہوس میں جھوٹا پروپیگنڈا چلایا گیا، سانحہ نو مئی اس وقت تک انصاف کا منتظر رہے گا جب تک منصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا۔

میجرجنرل احمد شریف نے یہ بھی کہا کہ آج کارروائی نہ کی تو کل کوئی اور سیاسی گروہ مذموم مقاصد کیلئے فوج کو نشانہ بنائے گا، فوج کیلئے تمام حقیقی سیاسی جماعتیں قابل احترام ہیں، 15مئی کو پیغام دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز ساتھ بیٹھ کر اتفاق رائے پیدا کریں۔