پاکستانی بلوچ گلوکارہ اور ریپر ایوا بی نے موسیقی کے سب سے بڑے پلیٹ فارم گریمی ریکارڈنگ اکیڈمی کیلئے شاندار پرفارمنس دے کر سب کے دل جیت لیے۔
گریمی ریکارڈنگ اکیڈمی کا گلوبل سپن ایک پرفارمنس سیریز ہے جو فنکاروں اور موسیقاروں کو عالمی سطح پر پرفارم کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
گزشتہ سال مقبول ٹی وی سیریز مس مارول کی پہلی قسط میں ایوا بی کا گانا ’روزی‘ بھی شامل کیا گیا تھا جو کافی مقبول ہوا تھاجبکہ 2022 میں کوک اسٹوڈیو سیزن 14 میں انہوں نے کنا یاری میں اپنی پرفامنس سے سب کے دل جیت لیے تھے۔
ان کے پاس نیویارک کے مشہور ٹائمز اسکوائر پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنے والی پہلی خاتون بلوچی آرٹسٹ ہونے کا اعزاز بھی موجود ہے۔
گلوکارہ کی کامیابی کا سفر ابھی جاری ہی تھا کہ گریمی کی جانب سے انہیں ایک اور اعزاز سے نوازا گیا۔
گلوکارہ نے حال ہی میں گریمی ریکارڈنگ اکیڈمی کے گلوبل سپن کے لیے اپنے ریپ ٹریک ’سن رائز ان لیاری‘ پر شاندار پرفارمنس دی ہے۔
ویڈیو میں پاکستان کے شہر کراچی کے ایک پسماندہ علاقے لیاری کی گلیوں کو دکھایا گیا ہے جہاں ایوا بی بلوچی زبان میں اپنی خوبصورت آواز کا جادو جگا رہی ہیں۔
اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایوا بی نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’گریمی کی جانب سے گلوبل اسپن سیریز کے لیے پرفارمنس دینا میرا ایک خوب تھا جو اب پورا ہوچکا ہے، میرے لیے یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ میں نامور عالمی پلیٹ فارمز پر اپنی موسیقی کے ذریعے اپنے ملک اور لیاری کی نمائندگی کررہی ہوں۔
ایوابی نے کہا کہ لیاری کی نمائندگی کرنا اور پوری دنیا کو اپنی کہانی بتانا بہت ضروری تھا۔