معروف بھارتی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث دو ملزمان جیل میں ہلاک ہوگئے-
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ونوں ملزمان پنجاب کی گونڈیوال سینٹرل جیل میں قید تھے جہاں قیدیوں کے درمیان لڑائی میں دونوں ملزمان مارے گئے اس جھگڑے میں تیز دھار آلوں کا استعمال کیا گیا جنہیں جیل کے اندر ہی بنایا گیا تھا ، بھارتی پنجاب کے لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق رکھنے والے گولڈی برار نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جیل کے اندر گینگ وار کی ذمہ داری قبول کرلی ہے-
متعلقہ پولیس افسر ایس ایس پی گرمیت سنگھ چوہان کے مطابق مارے جانے والے ملزمان میں سے ایک مندیپ طوفان ہے دونوں ملزمان سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث ہونے کے ساتھ دیگر جرائم میں ملوث تھے-
سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو بھارتی پنجاب کے ضلع مانسا کے گاؤں جواہر میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا-
اس واقعے میں سدھو کی گاڑی پر 30 گولیاں برسائی گئی تھیں جس کے نتیجے میں گلوکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے جب کہ ان کی گاڑی میں موجود دو افراد شدید زخمی ہوئے تھے-