سوشل میڈیا کے دور میں مشہور شخصیت کیلیے ٹرولنگ زندگی کا لازمی حصہ ہے؛ اداکارہ کاجول

eAwazفن فنکار

بالی ووڈ اداکارہ کاجول نےکہا ہے کہ سوشل میڈیا کے دور میں مشہور شخصیت کےلیے ٹرولنگ زندگی کا لازمی حصہ بن گئی ہے۔

کاجول نے ایک تقریب کے دوران سوشل میڈیا ٹرولنگ سے نمٹنے، کیرئیر میں توازن برقرار کھنے اور مشہور شخصیت کی زندگی کی پیچیدگیوں پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر زیر گردش گلیمرس تصاویر اور اُن کے پیچھے کی حقیقت سے متعلق بھی اظہار خیال کیا۔

اداکارہ نے کہا کہ میں شکرگزار ہوں کہ میری زندگی کا بیشتر حصہ سوشل میڈیا کے بغیر گزرا ہے، 6 سال پہلے ہی سماجی رابطے کی دنیا میں قدم رکھا ہے، یہاں زندگی غیر حقیقی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ میری ریڈ کارپٹ کی تصاویر دیکھیں گے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ میں صبح 5 بجے اٹھ جاتی ہوں اور رات ساڑھے 11 بجے تھک ہار کر گھر واپس لوٹتی ہوں، اگلے روز پھر سے کام شروع ہوجاتا ہے۔

کاجول نے مزید کہا کہ ہمارے زندگی میں بھی اچھے اور برے دن آتے ہیں، ہم بھی سب ہی کی طرح محنت کرتے ہیں لیکن جب پوسٹ سامنے آتی ہے تو ہم مسکراتے ہیں۔

مداحوں کے دہری نوعیت کے ردعمل پر کاجول نے کہا کہ جب آپ سے لوگ بہت زیادہ پیار کرتے ہیں تو انہیں آپ سے نفرت کرنے کا بھی حق ہے، یہ نہیں کہہ رہی کہ وہ صحیح ہیں لیکن ہمیں مشہور شخصیت ہونے کی وجہ سے اس سے نمٹنا ہوگا۔

اداکارہ نے خود کو سست ترین شخص کہا اور کیرئیر کے دوران طویل وقفوں پر بات کی اور کہا کہ فلمی گھرانے سے ہونے کے باوجود یہ سفر میں نے اپنایا، میری فلموں کی تعداد بھی کم ہے۔

کاجول نے کہا کہ میری والدہ اور دادی کہتی تھیں کہ کام آپ کی زندگی کا حصہ ہے لیکن آپ کی پوری زندگی نہیں ہے، فلموں سے بریک کے دوران میں نے شادی کی اور بچے پیدا کیے۔