ایرانی صوبے سیستان بلوچستان میں فائرنگ سے 200 سے زیادہ افغان شہری جاں بحق

eAwazورلڈ

ایرانی صوبے سیستان بلوچستان میں فائرنگ سے 200 سے زیادہ افغان شہری جاں بحق ہوگئے۔

افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ افغان شہری غیرقانونی طریقے سے ایران میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایران میں داخل ہونے والے افغان شہریوں کو ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی انسانی حقوق کے گروپ کا کہنا ہے کہ ایران میں داخلے کی کوشش کرنے والے افغانوں کی تعداد 300 تھی۔ ایرانی بارڈر گارڈز نے پہاڑوں میں چھپ کر افغان شہریوں کو نشانہ بنایا۔

انسانی حقوق گروپ نے یہ بھی بتایا کہ ایرانی بارڈر گارڈز کی فائرنگ سے صرف 50 افغانی بچ سکے۔

واقعے کے ایک عینی شاہد افغان باشندے کا کہنا ہے کہ ہمیں ایران کے علاقے کلگان سراوان میں نشانہ بنایا گیا۔ ہمارے قافلے میں 300 افراد تھے جن میں سے 270 یا 280 مارے گئے۔

ادھر ترجمان افغان حکومت ذبیح اللّٰہ مجاہد کا کہنا ہے کہ افغان حکومت واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔