ایلون مسک کا ٹوئٹر کے ویری فکیشن سسٹم میں مزید تبدیلیوں کا اعلان

eAwazورلڈ

ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ٹوئٹر بلیو کے نئے ورژن کو نومبر کے آخر تک متعارف کرایا جائے گا۔

ٹوئٹر کے سبسکرپشن پلان گزشتہ دنوں متعارف کرایا گیا تھا جس کا مقصد کمپنی کی آمدنی میں اضافے کے ساتھ ساتھ صارفین کے لیے بلیو ٹک کا حصول آسان بنانا تھا۔

مگر 8 ڈالرز ماہانہ کے سبسکرپشن پلان متعارف کرانے کے بعد معروف شخصیات اور اداروں کے نام کے جعلی مصدقہ اکاؤنٹس کی بھرمار ہوگئی تھی جس کے بعد اسے معطل کردیا گیا۔

اب ٹوئٹر کے نئے سی ای او نے بتایا کہ بلیو ویری فائیڈ پلان ایک بار پھر 29 نومبر کو متعارف کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس بار یقینی بنایا جائے گا کہ سب کچھ ٹھیک رہے۔

البتہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اس سبسکرپشن پلان میں صارفین کو کن فیچرز تک رسائی حاصل ہوگی یا اس کی فیس کیا ہوگی۔

ایک ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ اس وقت جن اکاؤنٹس کو مفت بلیو ٹک حاصل ہے وہ آئندہ چند ماہ تک ہٹا دیا جائے گا۔

کمپنی کی جانب سے کچھ اداروں کے اکاؤنٹس کے بلیو ٹک کے نیچے آفیشل لیبل کا اضافہ کیا گیا تھا مگر 15 نومبر کو کچھ اکاؤنٹس سے یہ لیبل ہٹا دیا گیا۔

تو ابھی یہ واضح نہیں کہ کمپنی کی کمپنیوں اور اداروں کے اکاؤنٹس کے حوالے سے کیا پالیسی ہوگی۔