تمام وسائل استعمال کر کے دہشتگردی پر قابو پائیں گے: وزیراعظم

eAwazپاکستان

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس پشاور میں ہو رہا ہے۔

اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا پولیس لائن میں افسوسناک واقعہ ہوا، اے پی ایس واقعے کے بعد یہ ایک اندوہناک واقعہ ہے، 85 نمازی شہید ہوئے۔

ان کا کہنا تھا ہمیں حقائق تسلیم کرنا ہوں گے، پوری قوم اشک بار ہے، چند سال پہلے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے بعد یہ واقعہ کیسے رونما ہوا، پوری قوم سوچ رہی ہے کہ کس طرح مستقبل میں اس ناسور پر قابو پایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور واقعے کے بارے میں سوشل میڈیا پر بے جا الزام تراشی اور تنقید افسوسناک ہے، یہ کہنا کہ پشاور دھماکا ڈرون حملہ تھا انتہائی نامناسب تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا وفاق اور صوبے مل کر دہشتگردوں کا مقابلہ کریں، تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں اختلافات بھلاکر دہشتگردوں کا مقابلہ کریں، دہشتگردی پر قابو پائیں گے، تمام وسائل اس مقصد پر لگائیں گے، ہمیں تمام اختلافات بھلا کر آگے بڑھنا ہوگا اور دہشتگردوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا آج ہمیں حق بات کرنا ہوگی، 417 ارب روپے وفاق نے خیبرپختونخوا کو دیے ہیں، پوچھنا چاہتا ہوں کہ 417 ارب روپے کہاں گئے، قوم کو جواب دینا ہو گا کہ دہشتگرد یہاں کس طرح آئے اور کون انہیں یہاں لایا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور پولیس لائنز دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لیے 20 لاکھ روپے فی کس جبکہ زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔

قبل ازیں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سوشل میڈیا پر جاری بیان مین بتایا کہ اپیکس کمیٹی کا اجلاس گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں ہو گا جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلی افسران شریک ہوں گے۔

اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں انسداد دہشت گردی کے اقدامات زیر غور آئیں گے۔