فارن فنڈنگ کیس کی تفصیلات جمع کرانے کیلئے پی ٹی آئی کو 6 ہفتوں کی مہلت مل گئی

eAwazپاکستان

اسلام آباد: فارن فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کو تفصیلات جمع کرانے کے لیے 6 ہفتوں کی مہلت مل گئی۔

پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں اسلام آباد میں ہوئی۔

تحریک انصاف کے وکیل کی جانب سے الیکشن کمیشن میں غیر ملکی فنڈنگ کیس سے متعلق عبوری جواب جمع کرایا گیا، 4 افراد کے نائیکاپ اور ویڈیوز بھی جمع کرائی گئی ہیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل شاہ خاور نے کمیشن سے استدعا کی ہمیں مزید مہلت چاہیے، 10 سال پرانا کیس ہے، بیرون ملک چیپٹر سے تفصیلات اکھٹی کرنی ہیں، ہمیں کم از کم 8 ہفتے درکار ہیں۔

شاہ خاور نے مزید کہا کہ لوگوں نے بیان دیا ہےکہ وہ پاکستانی ہیں، فیصلے میں غیر ملکی ظاہر کیا گیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ سے تو ہمارا سوال تھا کہ ہم رقم ضبط کیوں نہ کر لیں،آپ کو اس پر جواب دینا ہے، ہمارے قانون کے مطابق غیر ملکی کمپنی سے پیسے نہیں آ سکتے، فارا کے تحت کمپنی آپ نے امریکا کے قانون کے تحت رجسٹر کی۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ ہمیں 6 ہفتے دے دیں جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ پہلے ہی بہت وقت لگ گیا ہے، آپ کو 6 ہفتے کی مہلت دے رہے ہیں۔