ق لیگ حکومت بنانے کیلئے ن لیگ کیساتھ شامل ہونے کو تیار

eAwazپاکستان

حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر سیاسی سرگرمیاں شروع ہو گئیں۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی آج چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کا امکان ہے جس میں رسمی بات چیت ہوگی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ق لیگ حکومتی عمل میں شامل ہونے کو تیار ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ساتھ ق لیگ کے تعلقات بہتر ہیں۔

ن لیگ کےساتھ ق لیگ کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ ہونےپربھی تعلقات استوار رہے،ق لیگ کے آصف زرداری سے بھی اچھے تعلقات ہیں، ق لیگ وفاق اور پنجاب میں حکومت کا حصہ ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف چوہدری شجاعت سے وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے تعاون کی درخواست کریں گے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے چار رکنی وفد کی ملاقات آج ہو گی۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے درمیان بھی آج ملاقات ہو گی جس میں حکومت سازی کے حوالے سے بات چیت ہو گی۔

حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری سے گزشتہ روز ملاقات کی تھی اور دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔