مرکز اور پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت بنائیگی: عمر ایوب

eAwazپاکستان

پاکستان تحریکِ انصاف کے سیکریٹری جنرل و نامزد وزیرِ اعظم عمر ایوب کا کہنا ہے کہ مرکز اور پنجاب میں بھی پی ٹی آئی حکومت بنائے گی۔

اسلام آباد میں بیرسٹر گوہر خان کے ہمراہ پریس کانفرس کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کے رہنما عمر ایوب نے دھاندلی اور انتخابی نتائج میں تبدیلی کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں تحریکِ انصاف کو 3 کروڑ سے زائد ووٹ ملے اور ایم کیو ایم نے کراچی میں ہماری 18 سیٹیں چرائی ہیں۔

عمر ایوب کا کہنا ہے کہ آج بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں کو لاپتہ کیا جا رہا ہے، جعلی فارم 45 کو مسترد کیا جائے، کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ 50 سے 60 ہزار جعلی ٹھپے لگائے، جیتے ہوئے امیدوار کو ہرایا۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ تحریک انصاف کے خلاف کی گئی دھاندلی کو مدر آف آل رگنگ ڈیکلیئر کرتے ہیں، جو کچھ عوام کے ووٹ کے ساتھ ہو رہا ہے وہ مدر آف رگنگ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جن جن کا نام کمشنر راولپنڈی نے لیا وہ انکوائری سے الگ ہو جائیں، پشاور کی صوبائی اسمبلی کی7 سے 8 نشستیں کمشنر نے ہروائیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ انتخابات کے بعد حکومت سازی کے خدوخال پر بات کی جاتی ہے، بدقسمتی سے الیکشن کمیشن نے اب تک عوامی مینڈیٹ کےمطابق انتخابی نتائج کا اعلان نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ہماری 180 نشستیں ہیں، کے پی کے میں 42، پنجاب میں 115، سندھ میں 16 اور بلوچستان میں 4 نشستیں ہیں، سندھ میں ایک نشست بھی نہیں دی گئی۔

بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ فارم 45 صرف پی ٹی آئی کو نہیں تمام جماعتوں کو ملا ہے، ریٹرننگ افسر کی ذمے داری ہے کہ فارم 45 کے مطابق فارم 47 بنائے، پنجاب میں ہماری اکثریت کو کم کیا گیا، ہمارا مطالبہ ہے کہ فارم 45 کے مطابق نتائج کا اعلان کیا جائے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ راولپنڈی کے کمشنر کی پریس کانفرنس ہمارے مؤقف کی تائید ہے، کمشنر نے اپنے ضمیر کے مطابق آواز دی، تحریک انصاف جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کرتی ہے، تمام لوگوں کو شامل تفتیش کیا جائے، تحقیقاتی رپورٹ عوام سے شیئر کی جائے۔