اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی جمشید اقبال چیمہ عہدے سے مستعفی ہوگئے۔لاہور کے حلقہ این اے 133کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی جمشید اقبال چیمہ نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو بھجوا دیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے این اے 133 کے ضمنی الیکشن کے لیے جمشید اقبال کو پی ٹی آئی کا امیدوار نامزد کیا تھا۔یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما پرویز ملک علالت کے باعث انتقال کر گئے تھے جس کے بعد اس حلقے پر ضمنی انتخابات کرانے کا اعلان کیا گیا۔ 2018ء کے الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ ن کے محمد پرویز ملک نے 89 ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار اعجاز چودھری نے 77 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے۔