پشین: آزاد امیدوار کے دفتر کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق

eAwazپاکستان

صوبۂ بلوچستان کے ضلع پشین میں خانوزئی کے علاقے میں آزاد امیدوار کے دفتر کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق خانوزئی میں پی بی 47 میں دھماکا انتخابی امیدوار اسفند یار کاکڑ کے دفتر کے باہر ہوا۔

اسپتال حکام کے مطابق دھماکے میں 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں تحصیل اسپتال خانوزئی منتقل کردیا گیا ہے۔

سیکریٹری صحت کے مطابق کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے اضافی عملے کو طلب کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے اس واقعے کا نوٹس لے کر چیف سیکریٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق ہدایت کی گئی ہے کہ ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

بعدازاں آزاد امیدوار اسفند یار کاکڑ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا میرے انتخابی دفتر کے باہر موٹرسائیکل میں ہوا، 8 کارکن شہید اور 18سے زائد زخمی ہوئے۔

اسفند یار کاکڑ نے کہا کہ انتخابی دفتر میں پولنگ ایجنٹس کے نام فائنل کیے جارہے تھے، دھماکے کے وقت میں برشور میں تھا، خانوزئی پہنچ رہا ہوں۔