پی ٹی آئی کی آج اسلام آباد میں احتجاج کی کال، احتجاج کی اجازت مسترد

eAwazپاکستان

پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے انتخابی نتائج کے خلاف آج اسلام آباد میں پرامن احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔

تحریک انصاف کورکمیٹی نے اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاج کی اجازت طلب کی تھی جسے ضلعی انتظامیہ نے مسترد کر دیا ہے۔

انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی بھی احتجاج یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔

ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق پی ٹی آئی کی طرف سے احتجاج کے بارے میں کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی، اسلام آباد میں کسی بھی قسم کی ریلی کی اجازت نہیں ہے۔

پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ سڑک بندکرنے اور غیرقانونی اجتماع کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی، ممکنہ احتجاج کے پیش نظرپولیس کی مزید نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔