چینی دوستوں کی سلامتی اور بہبود کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے؛ وزیرِ اعظم پاکستان

eAwazپاکستان

وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے کراچی میں گزشتہ رات ہونے والے خودکش دھماکے کے المناک واقعے پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جس کے نتیجے میں 2 چینی باشندے ہلاک اور 1 زخمی ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شہباز شریف نے بیان جاری کرتے ہوئے کراچی میں ایئر پورٹ کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دھماکے میں متاثر ہونے والے چینی باشندوں کے اہلِ خانہ، چینی قیادت اور عوام سے دلی اظہارِ تعزیت کرتا ہوں۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دعاگو ہوں کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد جلد صحت یاب ہوں۔

انہوں نے کہا ہے کہ دھماکے میں ملوث عناصر پاکستانی نہیں ہو سکتے، یہ پاکستان کے دشمن ہیں، دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، ان عناصر کو شناخت کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اپنے چینی دوستوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے، ہم ان کی سلامتی اور بہبود کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب کراچی ایئر پورٹ سگنل کے قریب زور دار دھماکے میں 2 چینی باشندوں اور ایک مقامی شخص سمیت 3 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

دھماکے کے زخمی مخلتف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، دہشت گردی کا نشانہ بننے والی گاڑی میں غیر ملکی سوار تھے۔

دشمن کے ناپاک عزائم پاک چین دوستی سبوتاژ نہیں کر سکتے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کراچی میں چینی شہریوں کو لے جانے والی گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت کی ہے۔

اسپیکر نے دھماکے میں 2 چینی شہریوں کے جانی نقصان اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دشمن کے ناپاک عزائم پاک چین دوستی سبوتاژ نہیں کر سکتے، دشمن ملک میں بے امنی پھیلانے کی گھناؤنی سازش میں مصروف ہے۔