سعودی عرب میں 234 ملین ڈالر کے’فلم سیکٹر فائنانسنگ پروگرام‘ کا آغاز

eAwazفن فنکار

سعودی عرب کے ثقافتی ترقیاتی فنڈ نے ملک میں اُبھرتی ہوئی فلمی انڈسٹری کے لیے 234 ملین ڈالر کے’فلم سیکٹر فائنانسنگ پروگرام‘ کا آغاز کیا ہے۔

اس فنڈنگ پروگرام کا مقصد نجی شعبے کو بااختیار بنانے اور مقامی مواد کو فروغ دینے کے لیے مقامی اور غیر ملکی فرمز کو اچھے مالیاتی پیکجز کی پیشکش کر کے سعودی فلم انڈسٹری کو بہتر بنانا ہے۔

ان پیکجز کی توجہ متعلقہ سیکٹر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں پر ہوگی۔

اس حوالے سے فنڈنگ پروگرام کے چیف ایگزیکٹیو محمد بندیال کا کہنا ہے کہ ہم یہ اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش ہیں تاکہ فلم انڈسٹری میں کام کرنے والی کمپنیوں کو فلم انڈسٹری کی ترقی، فلمی منصوبوں کے لیے مالی استحکام اور صحت مند مارکیٹ کی حرکیات کو فعال کرنے کے لیے مالیاتی حل فراہم کیے جا سکیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم تمام مالیاتی اور سرمایہ کاری کے اداروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اس ابھرتے ہوئی انڈسٹری کی تعمیر اور اسے بااختیار بنانے کے لیے اس مشن میں شامل ہوں۔

فائنانسنگ پیکجز کو فنڈنگ ​​کی دو اقسام قرض اور سرمایہ کاری میں تقسیم کیا جائے گا۔

یہ اعلان 16 اور 18 مارچ کے درمیان ریاض میں منعقدہ تقریب’اگنائٹ دی سین‘میں ہوا، جس کا اہتمام وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کیا۔

محمد بندیال نے سعودی فلم انڈسٹری میں کام کرنے والی کمپنیوں کو فنانسنگ پیکجز فراہم کرنے کے لیے سی ڈی ایف (CDF) کے مالیاتی شراکت داروں’لینڈو‘ اور ’سوکوک کیپٹل‘ کے ساتھ دو معاہدوں پر دستخط کر کے قرض کی فراہمی کا آغاز کیا۔

CDF کی بنیاد 2021ء میں سعودی عرب کے ثقافتی منظر نامے کو بڑھانے کے مقصد سے رکھی گئی تھی جوکہ تنظیمی طور پر نیشنل ڈیولپمنٹ فنڈ سے منسلک ہے۔

اسے ایک خود مختار ثقافتی شعبے کی ترقی کو فروغ دینے اور بااختیار بنانے کے لیے ’کوالٹی آف لائف پروگرام‘ کے حصّے کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔