باپ بننے کے لیے سروگیسی کا منصوبہ تھا، سلمان خان
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ باپ بننے کے لیے وہ بھی کرن جوہر کی طرح ’’سروگیسی‘‘ کا منصوبہ بنا رہے تھے۔
معروف ٹی وی پروگرام ’آپ کی عدالت‘ کے میزبان راجت شرما نے شادی سے متعلق سوال پوچھا جس پر سلمان خان نے کہا کہ شادی کرنا چاہتا تھا تاکہ ان کا اپنا ایک بچہ ہو لیکن کافی کوششوں کے باوجود ایسا نہیں کر سکا۔
سلمان خان نے انکشاف کیا کہ وہ بھی کرن جوہر کی طرح ’’سروگیسی‘‘ کا طریقہ اختیار کرنا چاہتے تھے لیکن جب سے قوانین میں تبدیلی کی گئی ہے تو شاید یہ ممکن نہیں رہا۔
بچوں سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے سلمان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچوں کی ماں ان کی بیوی بنے۔
اس سے قبل بھی ٹائمز آف انڈیا کو انٹرویو میں سلمان خان نے باپ بننے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایک بچہ پیدا کرنا چاہتے تھے لیکن اس کے لیے اسے شادی کرنے کی ضرورت تھی۔
سلمان نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ وہ سروگیسی کا منصوبہ بنا رہے تھے لیکن وہ ایسا نہیں کر سکے کیونکہ انہیں لگا کہ ایک بچے کو ماں کی ضرورت ہوتی ہے۔