وہ بالی وڈ اداکارہ جس نے ‘چھیاں چھیاں’ اور ‘کچھ کچھ ہوتا ہے’ کی آفر ٹھکرائی
بالی وڈ کی ماضی کی فلموں کے کچھ کردار اور گانے ایسے ہیں جو اب تک مداحوں کے دلِ و دماغ پر چھائے ہوئے ہیں، انہیں جتنی بار دیکھا جائے انسان تھکتا نہیں، پھر چاہے وہ فلم یا گانا کتنا ہی پرانا کیوں نہ ہو۔
اسی شاندار ماسٹر پیس میں 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘کچھ کچھ ہوتا ہے’ اور ‘دل سے’ کا گانا چھیاں چھیاں ہے۔
لیکن کیا آپ کو علم ہے کہ بالی وڈ کی شہرہ آفاق اداکارہ کچھ کچھ ہوتا ہے میں ‘ٹینا (جسے رانی مکھرجی نے نبھایا)’ اور آئٹم سانگ چھیاں چھیاں کی آفر کو ٹھکرا چکی ہیں؟
جی ہاں! وہ اداکارہ کوئی اور نہیں بلکہ روینہ ٹنڈن ہیں جنہوں نے اس بات کا انکشاف ایک انٹرویو کے دوران کیا۔
ایک حالیہ انٹرویو کے دوران روینہ ٹنڈن نے دونوں کردار سے انکار کرنے کی وجہ بتائی، اداکارہ نے کہا ‘جب کرن جوہر میرے پاس کچھ کچھ ہوتا ہے کہ آفر لائے، بدقسمتی سے اس وقت میرا کیریئر زیرو پر تھا’۔
اداکارہ نے کہا ‘میں نے اسکرپٹ سنا تو مجھے ٹینا کا کردار مناسب لگا لیکن مسئلہ یہ تھا کہ میں سیکنڈلیڈ نہیں آنا چاہتی تھی، مرکزی کردار کاجل کا تھا جو اس زمانے میں میری مقابل تھی، مجھے لگا اگر میں کاجل کے ساتھ سیکنڈ لیڈ میں فلم میں آئی تو یہ میرے کیریئر کے لیے فائدے کے بجائے نقصان ہوگا’۔
روینہ ٹنڈن نے کہا ‘میں جس صورتحال میں اس وقت تھی اس کے بارے میں کرن کو سمجھانا میرے لیے بہت مشکل تھا، مجھے آج تک اس بات کا بہت افسوس ہے، جب کہ آج تک ہم دونوں ایک دوسرے کے ساتھ کام نہیں کرسکے’۔
‘چھیاں چھیاں میں ڈانس نہ کرنے کا آج تک افسوس ہے’
اداکارہ نے کہا ‘میں نے آئٹم سانگ چھیاں چھیاں نہیں کیا جس پر آج تک پچھتاوا ہے، مجھے شاہ رخ خان تک نے فون کرکے کہا کہ یہ کرو لیکن میں رضامند نہیں ہوئی، مجھے اس وقت لگتا تھا کہ میں اپنے نام کے ساتھ آئٹم سانگ گرل کا لیبل نہیں لگوانا چاہتی’۔
واضح رہے کہ روینہ ٹنڈن کے علاوہ اداکارہ شلپا شیٹی نے بھی چھیاں چھیاں میں ڈانس کرنے سے منع کردیا تھا جس کے بعد ملائکہ اروڑا کو کاسٹ کیا گیا۔