ممبئی: بدنامِ زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ اسٹار سلمان خان ان 10 ٹارگٹس میں سرِفہرست تھے جن کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی تاہم وہ اب تک اس میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق لارنس بشنوئی نے حال ہی میں تفتیش کے دوران نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کو بتایا ہے کہ انہوں نے 1998 سے سلمان خان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے جب اداکار نے کالے ہرن کا شکار کیا تھا۔
بشنوئی کا کہنا تھا کہ کالے ہرن کو بشنوئی قبیلہ مقدس مانتا ہے اور ہرن کے شکار کے جواب میں سلمان خان کو جان سے مارنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
سلمان خان کو متعدد بار قتل کی دھمکیاں دینے والے لارنس بشنوئی کا کہنا تھا کہ انہوں نے سلمان خان کے گھر کی ریکی کیلئے سمپت نہرا نامی شخص کو مقرر کیا جس نے ان کی ہر نقل و حرکت کی خبر دی تاہم اس کو سپیشل ٹاسک فورس نے گرفتار کر لیا۔
اس سے قبل گولڈی برار نے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا دعوٰی بھی کیا تھا جس کی ذمہ داری کینیڈا میں مقیم گولڈی برار کی جانب سے سوشل میڈیا پر قبول کی گئی تھی تاہم پولیس اسے گرفتار کرنے میں تاحال ناکام ہے۔