تحقیقاتی کمیٹی کے جیل میں خواتین پر تشددکے الزامات مسترد

eAwazآس پاس

لاہور: نگران پنجاب حکومت کی جانب سے جیل میں خواتین پر تشدد کے الزامات کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی 2 رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے تشددکے الزامات مسترد کردیے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جیل میں خواتین پر تشدد کے الزامات کی تحقیقات کے لیے 2 رکنی کمیٹی بنائی تھی،کمیٹی میں ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن انوش مسعود شامل تھیں۔

تحقیقاتی کمیٹی نے آج کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کیا اور جیل میں قید خواتین سے ملاقات کی۔

بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی انوش مسعود کا کہنا تھا کہ جیلوں میں خواتین سے بدسلوکی کاکوئی واقعہ پیش نہیں آیا، خواتین سے پوچھا ہےکہ اگر کوئی مسئلہ ہے تو بتائیں، ایک ایک کرکے ہر خاتون سے بات ہوئی، یہ سب افواہیں ہیں جو خواتین سے متعلق پھیلائی جا رہی ہیں۔

انوش مسعود کا کہنا تھا کہ خواتین کو گھر سے اشیاء منگوانے کی سہولت تک دی جا رہی ہے، بدسلوکی تو دور کی بات ہے انہیں بہت اچھی طرح ٹریٹ کیا جا رہا ہے، خدیجہ شاہ سے بھی ملاقات ہوئی ہے، میڈیکل کی سہولت بھی خواتین کو دی جا رہی ہے، خواتین ماہر نفسیات بھی جیل میں موجود ہیں، کوئی مرد خواتین کے سیل میں داخل نہیں ہوسکتا، پی ٹی آئی کی دس خواتین کوٹ لکھپت جیل میں ہیں۔