حکومت کی ترجیح معیشت نہیں پی ٹی آئی کا خاتمہ ہے، عمران خان

eAwazآس پاس

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی ترجیح ملکی معیشت نہیں تحریک انصاف کا خاتمہ ہے۔

ایک بیان میں عمران خان نے سوال کیا کہ اسٹیبلشمنٹ کس طرح ملک کو مکمل معاشی تباہی کی طرف جانے دے رہی ہے؟

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے لیکن پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت کا ون پوائنٹ ایجنڈا تحریک انصاف کا خاتمہ ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کی فسطائی حکومت میں موجودہ صورتحال پرویز مشرف دور کے مارشل لا سے بھی بد تر ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت تباہی کی کھائی میں گرتی چلی جا رہی ہے، ڈالر کے انٹربینک اور اوپن مارکیٹ نرخ میں فرق 30 روپے تک پہنچ چکا ہے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ڈالر اوپن مارکیٹ میں 315 اور شناختی کارڈ کے بغیر 325 روپے تک پہنچ چکا ہے، روپے کے بجائے ڈالر پر اعتماد کا مطلب غیرملکی سرمایہ کاری ناپید ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجموعی قومی پیداوار سکڑنے سے زیادہ شدید دھچکا مہنگائی سے لگے گا، پی ڈی ایم قیادت کے اربوں ڈالرز بیرونِ ملک تجوریوں میں محفوظ ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ڈالر پر کاروباری طبقے کے غیرمعمولی اعتماد کا مطلب ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری ناپید ہے، قومی پیداوار میں شدید کمی ہوگی یا معیشت کو اس سے بھی شدید دھچکا پہنچے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملک نہایت شدید ترین مہنگائی کے چنگل میں پھنسے گا، اسٹیبلشمنٹ ملک کو مکمل معاشی تباہی کی دلدل میں گرنے کی اجازت کیسے دے رہی ہے؟

اُن کا کہنا تھا کہ فسطائی حکومت نے قانون کی حکمرانی کو پس پشت ڈال دیا ہے، یہ تو پرویز مشرف کے مارشل لاء کو بھی پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کو کچلنے کے ایک نکاتی ایجنڈے پر کار بند ہے جبکہ معیشت اوندھے منہ تباہی کی گہری کھائی میں گرتی جا رہی ہے۔