بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ نے ہالی وڈ میں کام حاصل کرنے کے لیے وہاں کی مقبول ترین ٹیلنٹ ایجنسی ڈبلیو ایم ای (WME) کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ایم ای عالمی سطح پر رنویر سنگھ کی نمائندگی کرے گی تاہم اداکار بھارتی ٹیلنٹ ایجنسی کلیکٹو آرٹسٹ نیٹ ورک سے بھی منسلک رہیں گے۔
فلم سمبا کے اداکار صرف ہالی ووڈ کی دنیا میں ہی قدم رکھنے کو تیار نہیں بلکہ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر کئی ایونٹس میں بھی شرکت کی ہے، یہی وجہ ہے کہ رنویر سنگھ کو عالمی مقبولیت حاصل ہے۔
خیال رہے کہ ڈبلیو ایم ای ایک مشہور ٹیلنٹ ایجنسیوں میں سے ایک ہے جو ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کے بہت سے بڑے ناموں کو متعارف کروانے کا سبب بنی،ان اداکاروں میں کرسچن بیل، بین ایفلیک، ہیو جیک مین، مشیل ولیمز، میٹ ڈیمنز اور کئی دوسرے اداکار شامل ہیں۔
اس سے قبل عالیہ بھٹ نے بھی ڈبلیو ایم ای کے ساتھ معاہدہ کیا تھا جب کہ اب ان کی ہالی وڈ فلم ‘ہارٹ آف اسٹون’ اگست 2023 میں ریلیز ہوگی۔