‘ساس کا کہنا ہے کہ میں ایک اداکارہ ہوں اس لئے گھر بسانے کے لائق نہیں’ ، اداکارہ انعمتا قریشی

eAwazفن فنکار

پاکستان شوبز کی اداکارہ انعمتا قریشی نے ساس کی جانب سے گھریلو تشدد کا نشانہ بننے کا انکشاف کر دیا۔

سُنو چندا ڈرامے میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی انعمتا نے سوشل میڈیا پر اسٹوری پوسٹ کرتے ہوئے سسُرال میں اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے حوالے مداحوں کو آگاہ کیا ہے۔

انعمتا قریشی نے انکشاف کیا کہ ان کے شوہر کام کے سلسلے میں گھر سے دور ہوتے ہیں اس دوران ان کی ساس اُن پر ظلم و ستم ڈھاتی ہیں یہاں تک کہ انہیں کھانے کو نہیں دیتیں اور ساس کی وجہ سے انہیں بھوکا رہنا پڑتا ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے شوہر اور انہوں نے جب والدہ کی جانب سے مشکلات سامنے آنے پر الگ گھر لینا چاہا تو یہ بھی ان کی ساس کو برداشت نہ ہوا اور انہوں نے مجھے گالیاں دیں مجھ پر ہاتھ اُٹھایا جبکہ میری والدہ اور بہنوں کو بھی بُرا بھلا کہا۔

انعمتا نے اپنی انسٹا اسٹوری پر بتایا کہ ان کی ساس کا کہنا ہے کہ میں ایک اداکارہ ہوں اس لئے گھر بسانے کے لائق نہیں ہوں۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ ان کی ساس کی بہن نے ایک جھگڑے کے دوران ان کی والدہ پر بھی تشدد کیا جس کی وجہ سے ان کی والدہ کا پاؤں فریکچر ہوگیا تھا۔

انعمتا نے بتایا کہ ’ساس اور ان کی بہن نے مجھے بھی گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا اور تھپڑ مارے کیونکہ میں اپنا گھر بچانا چاہتی ہوں‘۔

اپنے شوہر کے حوالے سے انعمتا نے لکھا کہ ’میں جانتی ہوں کے ایک مرد کیلئے بیوی اور ماں میں سے کسی کا انتخاب کرنا مشکل ہے مگر میرے شوہر نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا اور وہ بھی اپنی والدہ کی رویے سے پریشان ہیں اور الگ ہونا چاہتے ہیں۔‘

یاد رہے کہ انعمتا قریشی 2020 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں اور اس خوبصورت جوڑی کا ایک بیٹا بھی ہے۔