یونان میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے41 پاکستانی شہری لاپتہ

eAwazآس پاس

یونان میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے41 پاکستانی شہری لاپتہ ہوگئے، ان کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی سے ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق کھوئی رٹہ کے نواحی گاؤں بنڈلی کے ایک ہی خاندان کے 12 افراد لاپتہ ہیں۔

4 نوجوان کھوئی رٹہ کے نواحی گاؤں گوڑا بلیال اور دیگر ڈنہ کے رہائشی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق 43 نوجوانوں میں سے 2 افراد بچ گئے، باقی لاپتہ ہیں۔

اہل خانہ کا کہنا تھا کہ تمام نوجوان روزگار کے سلسلے میں غیر قانونی طور پر اٹلی اور یونان جا رہے تھے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل یونان کے قریب سمندر میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کا حادثہ پیش آیا تھا۔

ایتھنز سے ملنے والی اطلاع کے مطابق حادثے میں 79 تارکین وطن ڈوب گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق سیکڑوں لاپتا ہیں۔

ریسکیو حکام نے مزید بتایا کہ کشتی کے 104 مسافروں کو بچالیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 65 سے 100 فٹ لمبی کشتی میں ممکنہ طور پر 750 افراد سوار تھے۔