حکومت کا 2 ارب روپے کے فلم فنانس فنڈ کا اعلان

eAwazفن فنکار

وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان کا فلم فنانس فنڈ شروع ہو رہا ہے، حکومت نے 2 ارب روپے کے فلم فنانس فنڈ کا اعلان کیا ہے۔

نیشنل امیچور فلم فیسٹیول ایوارڈ کے لیے ہائی اچیورز سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت فلم، ڈاکیومنٹری اور ڈرامہ تیار کرنے پر فنڈز فراہم کرے گی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سنیما گھروں کو 10 سال کے لیے ٹیکس فری کیا گیا ہے، ان کی آمدن پر بھی کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا، اس وقت پاکستان کی فلم انڈسٹری پر زیرو ٹیکس ہے، فلم تیار کرنے والوں کو آمدن پر ٹیکس استثنیٰ حاصل ہو گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آلات کی درآمد، فلم میکنگ، سنیما اور پروڈکشن کے آلات کی درآمد پر ٹیکس زیرو ہے، کارپوریٹ سیکٹر فلم کے لیے رقوم فراہم کرے گا تو ٹیکس کریڈٹ لیا جا سکتا ہے، فلم میکنگ کے اندر کنٹری بیوشن یا فنڈ فراہم کرنے پر بھی ٹیکس استثنیٰ حاصل ہو گا، موجودہ حکومت نے فلم کے شعبے میں بہت سی مراعات دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1970ء سے 2000ء کے دوران پاکستان فلم انڈسٹری کی ترقی رکی رہی، 2000ء کے بعد فلم انڈسٹری میں ترقی کا سفر شروع ہوا۔

وزیرِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ بڑے میڈیا ہاﺅسز نے فلمیں بنائیں جس سے انڈسٹری بحال ہونا شروع ہوئی، سنیما گھر نہ ہونے کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں مزید ترقی نہیں ہو رہی، ملٹی اسکرین سنیما مہنگے ہونے سے عام عوام کا فلم دیکھنا چیلنج بن چکا ہے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ 2017ء میں حکومت نے پہلی فلم پالیسی جاری کی، فلم پالیسی میں فلم، ڈرامہ اور موسیقی کی بحالی کا وژن فراہم کیا گیا۔