میلبرن ٹیسٹ: آسٹریلیا کی پاکستان کیخلاف 241 رنز کی برتری حاصل

eAwazکھیل

میلبرن: باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام تک آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنالیے، کینگروز پاکستان پر 241 رنز کی برتری حاصل ہے۔

تیسرا روز

پاکستان نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تاہم محض 68 رنز کے اضافے کے بعد گرین شرٹس آل آؤٹ ہوگئے، آسٹریلیا کو پاکستان پر 54 رنز کی برتری حاصل تھی۔
وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 42، شاہین شاہ آفریدی 21، حسن علی اور میر حمزہ 2،2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ 33 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

کینگروز کی جانب سے پیٹ کمنز نے 5، نتھین لائن نے 4 جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کی میلبرن ٹیسٹ میں دوسری اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ صفر صفر پر پویلین لوٹے جبکہ ڈیوڈ وارنر 6، مارنوس لبوشین 4 رنز بناسکے۔ مچل مارش اور اسٹیو اسمتھ نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 153 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم مارش 96 کے انفرادی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ اسٹیو اسمتھ 50 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور میر حمزہ نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسرا روز

آسٹریلیا نے 187 رنز 3 وکٹوں کے نقصان پر اننگز کا آغاز کیا تاہم صرف 131 رنز کے اضافے پر کینگروز کی اننگز سمٹ گئی۔ قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز نے پہلے سیشن میں 7 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، عامر جمال نے 3، شاہین آفریدی، میر حمزہ اور حسن علی کے 2-2 بیٹرز شکار کیے جبکہ سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر امام الحق 10 رنز بناکر پویلین لوٹے، عبداللہ شفیق اور کپتان شان مسعود نے دوسری وکٹ کیلئے 90 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم عبداللہ 62 جبکہ شان 54 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بابراعظم ایک مرتبہ پھر ناکامی کی تصویر بنے نظر آئے اور محض ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔ مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 9، سلمان علی آغا 5 رنز بناسکے۔

محمد رضوان 29 اور عامر جمال 2 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 3، نتھین لائن نے 2 جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلا روز

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، آسٹریلوی اوپنرز کی جانب سے پہلی وکٹ کی شراکت میں 90 رنز بنائے گئے لیکن یہاں اوپنر ڈیوڈ وارنر 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اسکے بعد کینگروز کی دوسری وکٹ 108 رنز پر گری، یہاں عثمان خواجہ 42 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بارش سے کھیل متاثر ہونے سے قبل مارنس لبوشین 14 اور اسٹیون اسمتھ 2 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔ بارش کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو دونوں بیٹرز نے مل کر 40 رنز کا اضافہ کیا لیکن یہاں اسٹیون اسمتھ 26 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پہلے روز کھیل کے اختتام پر مارنس لبوشین 44 اور ٹریوس ہیڈ 9 رنز پر وکٹ پر موجود تھے۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر حسن علی، عامر جمال اور آغا سلمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔