ایران کی جانب سے پاکستان کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی سے دھچکا لگا؛ شہباز شریف

eAwazپاکستان

بلوچستان میں ایرانی میزائل حملے پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا بیان سامنے آیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے پاکستان کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی سے دھچکا لگا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی میزائل حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائل حملہ دوستانہ تعلقات اور اچھی ہمسائیگی کی روح کے خلاف ہے، دونوں ملکوں کے تاریخی تعلقات ہیں، سنجیدہ مذاکرات اور بامعنی تعاون وقت کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ دفتر خارجہ نے ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کیا تھا۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری کی یہ خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں جس کی ذمہ داری ایران پر ہی عائد ہوگی۔