پنجاب کابینہ: فول پروف انتظامات اور سیکیورٹی کیلیے فنڈز کے اجرا کی منظوری

eAwazپاکستان

لاہور: پنجاب کابینہ نے انتخابات کے فول پروف انتظامات اور سیکیورٹی کیلیے 4ارب10کروڑ روپے کے فنڈز کے اجرا کی منظوری دیدی۔

نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں پنجاب کابینہ کا 36 واں اجلاس ہوا، محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ تمام جماعتوں کے اور آزاد امیدواروں کو آزادانہ انتخابی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی، فری اینڈ فیئر الیکشن کا انعقاد ہر صورت یقینی بنایاجائیگا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرانسپورٹیشن، سیکیورٹی؛ الیکشن اخراجات کا تخمینہ 49ارب سے تجاوز
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی روشنی میں تمام امیدواروں کو جلسہ کرنے، ڈورٹو ڈور مہم چلانے اور بینرز و پوسٹر لگانے کی اجازت ہوگی، تمام جماعتوں کو یکساں لیول پلینگ فیلڈ فراہم کی جائیگی، پاک فوج یا اداروں کیخلاف تقریر پر ضرور کارروائی ہوگی، فری اینڈ فیئر الیکشن میری ذمے داری ہے جسے میں ہر صورت پر پوری کروں گا، عام انتخابات کا پرامن اور آزادانہ ماحول میں انعقاد یقینی بنانے کیلیے الیکشن کمیشن کے ساتھ پورا تعاون کریں گے۔

کابینہ اجلاس میں عام انتخابات کے فول پروف انتظامات اور سیکیورٹی کیلیے 4ارب10کروڑ روپے کے فنڈز کے اجراکی منظوری دی گئی، اجلاس میں مناواں لاہور میں پنجاب کینسر کیئر اسپتال کے قیام کیلیے 8 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی، صحت سہولت پروگرام کے تحت مریضوں کے علاج معالجے کیلیے نئے اقدامات کی منظوری دی گئی،اجلاس کے دوران محسن نقوی نے بڑے اسپتالوں میں لیب ٹیسٹ کی فیس بڑھانے کی تجویز پر عملدرآمد روک دیا۔