ملکہ کوہستان مری کیساتھ ساتھ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ گزشتہ دو روز سے جاری ہے جس کے باعث مختلف مقامات پر کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، گھروں کی چھتیں، دیواریں، درخت اکھڑ گئے اور مٹی کے تودے گرنے کے کئی واقعات رونما ہوئے۔
مری میں گزشتہ 2 روز سے جاری بارش کے بعد برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مری میں مزید برفباری اور بارش کا امکان ظاہر کردیا ہے۔
بلوچستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ دیا مر، غذر، استور اور اسکردو سمیت گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کے بعد بالائی علاقوں سمیت شاہراہ قراقرم کئی مقامات پربند ہوگئی ہے۔
ادھر وادی نیلم آزاد کشمیر میں دومنزلہ رہائشی مکان سمیت متعد عمارتیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گر گئیں، مظفرآباد، باغ سمیت کئی شہروں میں بھی برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں۔
سوات میں شدید برفباری کے باعث کالام اور مالم جبہ سمیت مختلف علاقوں کی کئی رابطہ سڑکیں مکمل طور پر بند ہوگئیں جس کے باعث وہاں پھنسے سیاحوں کومشکلات کا سامنا ہے۔
بارش اور برفباری کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہوجانے کی وجہ سے دو روز گزرنے کے باوجود کار حادثے میں جاں بحق ہونے والے گلگت کے نوجوان اسرار کی میت آبائی علاقے نہیں پہنچائی جاسکی ہے اور لواحقین میت کے ہمراہ اپر کوہستان میں پھنسے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب چترال، دیر، ایبٹ آباد، صوابی، پارا چنار، ہنگو، اورکزئی اور شمالی وزیرستان میں بارش اور برفباری سے موسم شدید سرد ہوگیا ہے جبکہ بلوچستان کے کئی اضلاع برفیلے موسم کے زیر اثر ہیں جس کے باعث چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، قلات، مستونگ میں بھی موسم کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
گوجرانوالہ، جہلم، ڈی جی خان سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش اور ژالہ باری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوارن خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ آزاد جموں و کشمیر، بالائی اور وسطی پنجاب میں بھی بارش اورژالہ باری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیر اثر بارشوں کا نیا سلسلہ 5 مارچ سے 7 مارچ تک پیدا ہونے اور 5 سے 7 مارچ کے دوران بلوچستان، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران سندھ کے شمال مغربی علاقوں میں بھی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بلوچستان کے علاقے تربت، گوادر، کیچ، چاغی، مستونگ، پشین اور قلعہ عبداللہ بھی بارش سے متاثر ہو سکتے ہیں۔