بھارت کے معروف صنعت کار رتن ٹاٹا کی آخری رسومات سرکاری سطح پر ادا کی جائیں گی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اعلان کیا ہے کہ صنعت کار رتن ٹاٹا کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹاٹا سنز کے چیئرمین ایمیریٹس رتن ٹاٹا بدھ کے روز ممبئی کے ایک اسپتال میں چل بسے، جہاں وہ کچھ عرصے سے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل تھے۔
رتن ٹاٹا کی میراث صرف کاروبار تک محدود نہیں بلکہ ان کی فلاحی خدمات بھی تھیں۔
رتن ٹاٹا 1991 میں ٹاٹا سنز کے چیئرمین بنے اور 2012 تک اس عہدے پر فائز رہے۔ ان کی قیادت میں ٹاٹا گروپ نے عالمی سطح پر ترقی کی۔
انہی کی زیر قیادت ٹاٹا موٹرز نے ایک ایسی گاڑی متعارف کروائی جسے دنیا کی سستی ترین گاڑی کہا گیا۔
2012 میں انہوں نے چیئرمین کے عہدے سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، لیکن بعد میں انہیں ٹاٹا سنز اور دیگر گروپ کمپنیوں کا چیئرمین ایمیریٹس نامزد کیا گیا، جن میں ٹاٹا موٹرز اور ٹاٹا اسٹیل شامل ہیں۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے رتن ٹاٹا کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ رتن ٹاٹا نے بھارت کے سب سے پرانے اور معروف کاروباری اداروں میں سے ایک کو مستحکم قیادت فراہم کی۔