بالی وڈ میں کنگ کہلائے جانے والے اداکار شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ ان کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ ایسی سپر ہٹ فلمیں کریں کہ ان کے والدین جنت سے دیکھ سکیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلمی دنیا میں میرے آنے سے پہلے میرے والدین کا انتقال ہو چکا تھا، وہ میرا کیرئیر عروج پر جاتا نہیں دیکھ سکے تھے۔
بالی وڈ اسٹار نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کسی وجہ سے لیکن میں نے ہمیشہ محسوس کیا ہے کہ میں ایسی فلمیں بناؤں جو بہت بڑی ہوں تاکہ میرے ماں باپ انہیں جنت سے دیکھ سکیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے اس پوڈ کاسٹ میں اپنے ماضی کی فلم دیوداس کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور بتایا کہ فلم دیوداس کرنے کے حوالے سے کئی سینئر اداکاروں نے منع کیا تھا لیکن میں یہ فلم کرنا چاہتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ میں دیوداس اپنی ماں کے لیے کرنا چاہتا تھا، میری بچوں والی سوچ تھی لیکن میں سمجھتا تھا کہ میری والدہ آسمان کا ایک ستارہ ہیں، میں آسمان کی طرف ایک ستارے کو دیکھتا تھا، مجھے محسوس ہوا کہ اگر میں نے دیوداس کی تو وہ میری ماں کو بہت پسند آئے گی اسی لیے میں نے سنجے لیلا بھنسالی کی فلم کرنے پر رضامندی دے دی تھی۔
واضح رہے کہ دیوداس شاہ رخ کے کیرئیر کی سپر ہٹ فلموں میں سے ایک تھی جسے مداح آج بھی فراموش نہ کرسکے، اس فلم میں شاہ رخ کے ساتھ ایشوریا رائے اور مادھوری ڈکشت مرکزی کرداروں میں نظر آئیں۔