بھارتی فلمساز راج کمار ہیرانی نے حال ہی میں ایک تقریب کے دوران اپنی پہلی ہٹ فلم منا بھائی ایم بی بی ایس کے تیسرے سیکوئل کی تیاری کا انکشاف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راج کمار ہیرانی جلد ہی منا بھائی 3 کا اعلان کر سکتے ہیں تاہم فلم کا سکرپٹ ابھی تک فائنل نہیں ہوا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی ایک تقریب میں راجکمار ہیرانی نے کہا کہ میرے پاس منا بھائی کے لیے ایک یا دو نہیں بلکہ پانچ نامکمل سکرپٹ ہیں۔ ‘میں نے چھ ماہ تک اسکرپٹ پر کام کیا، لیکن صرف انٹرول تک ہی پہنچ سکا۔’
انہوں نے بتایا کہ ایک سکرپٹ منا بھائی ایل ایل بی ہے، دوسرا منا بھائی چلے امریکا اور کچھ دیگر بھی ہیں۔
راجکمار ہیرانی نے کہا کہ ‘منا بھائی 3 کی کہانی لکھنا میرے لیے کافی چیلنجنگ ہے، سب سے پہلے تو میں اس فلم کو پہلی دو فلموں سے بہتر بنانا چاہتا ہوں۔ دوسری بات یہ کہ آج کے دور میں سینما میں بہت کچھ دکھایا گیا ہے، اس لیے فلم کی کہانی میں کچھ نیا شامل کرنا پڑے گا تاکہ لوگ اسے دیکھ سکیں۔ تاہم، میرے پاس ایک منفرد آئیڈیا ہے جس پر میں کام کر رہا ہوں۔’
راج کمار ہیرانی نے کہا کہ وہ منا بھائی 3 بنانے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ‘منا بھائی ایم بی بی ایس’ سال 2003 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس کے بعد سال 2006 میں ‘لگے رہو منا بھائی’ ریلیز ہوئی۔ یہ دونوں فلمیں باکس آفس پر ہٹ ہوئیں۔