ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ایرو اسپیس اور دفاعی کمپنی (ٹی یو ایس اے ایس) کے ہیڈ کوارٹر پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد ملک میں سوشل میڈیا کے تمام بڑے پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ترک حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بشمول ایکس، یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام اور ٹِک ٹاک پر پابندی اس وقت عائد کی گئی جب ملک کی ایرو اسپیس انڈسٹریز پر دہشت گردوں نے حملہ کیا اور اس حملے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔
سائبر سیکیورٹی اور ڈیجیٹل گورننس کی نگرانی کرنے والی عالمی انٹرنیٹ آبزرویٹری نیٹ بلاکس نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ترکیہ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد ہونے کا اعلان کیا ہے۔
نیٹ بلاکس کی جانب سے کی گئی ایکس پوسٹ میں لکھا ہے کہ لائیو میٹرکس سے پتہ چلتا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بشمول ایکس، یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام اور ٹِک ٹاک پر ترکیہ میں پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پوسٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ترک حکام نے انقرہ میں ایرو اسپیس انڈسٹریز کے ہیڈ کوارٹر پر ہونے والے حملے کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کی ہے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ ترکیہ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عائدی کی گئی حالیہ پابندی کب ختم کی جائے گی۔