وزیراعظم کی انسداد پولیو مہم کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت

eAwazپاکستان

وزیراعظم شہباز شریف نے انسداد پولیو مہم کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت انسداد پولیو سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ملک میں حالیہ پولیو کیسز اور انسداد پولیو مہم پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں شہباز شریف کو بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت پولیو کے ایکٹو کیسز کی تعداد 41 ہوچکی ہے، پولیو کے ان کیسز میں سے 25 ایسے ہیں، جن کی روٹین امیونائزیشن بہتر نہیں۔

بریفنگ میں وزیراعظم کو مزید بتایا گیا کہ ملک کے جن علاقوں میں بچوں میں پولیو ویکسینیشن کی شرح بہتر ہے وہاں پولیو کا پھیلاؤ کم ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے انسداد پولیو مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ امیونٹی گیپ سے متعلق جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے۔

شہباز شریف نے ڈاکٹر مختار، عائشہ رضا فاروق اور سیکریٹری صحت کو پولیو سے متاثرہ علاقوں کے دورے کی ہدایت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے، انشاء اللّٰہ جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ جب تک پولیو کو ہمیشہ کےلیے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے، اس معاملے میں حکومتی ٹیم کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔