pakcas

پاکستان: کورونا وائرس سے اموات 18 ہزار سے متجاوز

Momin Masood URDU NEWS, پاکستان

اسلام آباد۔2مئی:سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں سے ملک میں کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں میں تیزی آنے لگی۔

کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان بھر میں مریضوں اور اموات میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ملک 31 ویں نمبر پر ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 414 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 113 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 5 ہزار 193 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 10 فیصد ہو گئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 70 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 29 ہزار 933 ہو چکی ہے۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 45 ہزار 275 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 18 لاکھ 82 ہزار 141 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 89 ہزار 661 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 448 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 7 لاکھ 22 ہزار 202 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

تیسری لہر کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہو کر 3 لاکھ 4 ہزار 889 ہو گئی، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 8 ہزار 550 ہو چکی ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 84 ہزار 738 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 4 ہزار 658 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 19 ہزار 277 ہو چکی ہے، اس سے اب تک کُل اموات 3 ہزار 350 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 75 ہزار 892 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، یہاں کُل 691 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 22 ہزار 528 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 237 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 17 ہزار 297 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے باعث اب تک یہاں کُل 477 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 5 ہزار 312 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 107 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔