یورپیئن چیمپیئن شپ (یورو) 2024ء کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے نتیجے میں نیدرلینڈز کو 1-2 سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار یورو کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
جرمنی کے شہر ڈورٹمنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے دونوں ٹیمیں مدمقابل آئیں تو ابتدائی 7 منٹ میں ہی نیدرلینڈز کے چاوی سیمنز نے گول باکس کے باہر سے شاندار گول اسکور کیا جس سے نیدرلینڈز کو 0-1 کی برتری حاصل ہوئی لیکن یہ برتری زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔
14ویں منٹ میں موو بناتے ہوئے کپتان ہیری کین کو نیدرلینڈز کے ڈمفریس نے گرادیا جس کے بعد انگلینڈ کو پینلٹی کِک کا موقع ملا جس پر ہیری کین نے گول اسکور کیا۔
پہلے ہاف کے اختتام پر میچ 1-1 سے برابر تھا اور یہ اسکور میچ کے اختتامی لمحات تک قائم رہا۔
میچ کا ڈرامائی موڑ کوچ گیرتھ ساؤتھ گیٹ کی جانب سے 80 منٹ گزر جانے کے بعد کی جانے والی اہم تبدیلی ثابت ہوئی، انہوں نے فل فوڈن کے متبادل کے طور پر کول پالمر جبکہ کپتان ہیری کین کے متبادل کے طور پر اولی واٹکنس کو میدان میں اتارا۔
مقررہ وقت ختم ہونے اور اسکور برابر ہونے کی صورت میں لگ رہا تھا کہ اب ایکسٹرا ٹائم کھیلا جائے گا لیکن متبادل کھلاڑی کے طور پر آنے والے واٹکنس نے 1+90 منٹ میں پالمر کے اسسٹ کی بدولت ایک شاندار گول اسکور کرکے انگلینڈ کو 1-2 سے فیصلہ کُن برتری دلوائی جس کے ساتھ ہی نیدرلینڈز کا یورو کا سفر تمام ہوا۔
انگلینڈ نے مسلسل دوسری بار یورو کے فائنل میں رسائی حاصل کی، اس سے قبل 2020ء کے یورو کپ میں انگلینڈ سیمی فائنل میں ڈنمارک کو شکست دے کر فائنل میں پہنچا تھا اور یہ وہی موقع تھا جب انگلش فٹبال شائقین کی جانب سے ’اِٹس کمنگ ہوم‘ کے نعرے لگائے گئے لیکن فائنل میں پینلٹی شوٹ آؤٹ میں انگلینڈ کو اٹلی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔