آئی ایم ایف پروگرام کے اقدامات پاکستان کے عوام کے مفاد میں ہیں؛ کرسٹالینا جارجیوا

eAwazآس پاس

آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ پاکستان سے صرف یہ کہہ رہے ہیں کہ امیروں سے مزید ٹیکس لیے جائیں اور غریبوں کو تحفظ دیا جائے، یہی وہ بات ہے جو پاکستان کے عوام بھی چاہتے ہیں۔

نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔

نیویارک میں ہونے والی ملاقات میں معاشی تعاون اور استحکام کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا۔

نگراں وزیرِ اعظم اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان ملاقات 25 منٹ تک جاری رہی۔

اس ملاقات میں نگراں وزیرِ اعظم کے ساتھ نگراں وزیر خارجہ بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد ایک بیان میں نگراں وزیرِ اعظم نے کہا کہ سربراہ آئی ایم ایف کے ساتھ ملاقات تعمیری رہی۔

نیویارک میں نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ سے ملاقات کے بعد آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے جیو نیوز سے خصوصی بات چیت کی۔

کرسٹالینا جارجیوا سے سوال کیا گیا کہ پاکستان کے غریب عوام کے لیے آئی ایم ایف کا پروگرام سخت ہے اور غریب آدمی اس میں شدید مشکلات کا شکار ہو چکا ہے، اس پر انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے جو اقدامات کیے گئے ہیں وہ پاکستان کے عوام کے مفاد میں ہیں۔