وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے ہم عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے بڑے پروگرام میں شامل ہو رہے ہیں۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا 14 اور 15 اپریل کو ورلڈ بینک آئی ایم ایف اجلاس میں جائیں گے اور نئے پروگرام کے خدوخال پر بات کریں گے، تفصیلی مذاکرات پاکستان آکر ہوں گے، ہم جانتے ہیں کیا اور کیوں کرنا ہے اور اب توجہ کیسے پر مرکوز کرنی ہے۔
آئی ایم ایف کے ساتھ مائیکرو اکنامک استحکام جاری رکھیں گے، آئی ایم ایف کے بڑے پروگرام میں شامل ہو رہے ہیں، اس حوالے سے آئی ایم ایف حکام سے جلد واشنگٹن میں ملاقات ہو گی۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کرنٹ اکاؤنٹ کھاتہ بہتر ہے اور شرح تبادلہ بھی مستحکم ہے، مہنگائی کی شرح کم ہوئی ہے، یہ ساری کامیابیاں شہباز شریف کے گزشتہ دور کا ایس بی اے معاہدہ ہے۔
نگراں حکومت نے معیشت کی بحالی کے لیے بہتر کام کیے، بہتر معاشی پالیسیوں کی بدولت معیشت جلد مستحکم ہو گی، نگران سیٹ اپ نے ڈاکٹر شمشاد کی سربراہی میں بہتر طریقے سے عمل کیا۔