ارشد شریف کے اہل خانہ کی لاش کے پوسٹ مارٹم کی درخواست

eAwazآس پاس

اسلام آباد: سینئر صحافی ارشد شریف کے اہل خانہ نے جسد خاکی پاکستان پہنچنے کے بعد لاش کے پوسٹ مارٹم کی درخواست کردی۔

ذرائع کے مطابق کینیا میں پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کا جسد خاکی پاکستان پہنچنے پر ان کے اہل خانہ کے سپرد کردیا گیا، جس کے بعد لوحقین نے ارشد شریف کی لاش کا پوسٹ مارٹم کروانے کا فیصلہ کیا۔

ارشد شریف کے اہل خانہ کی جانب سے درخواست دیے جانے کے بعد پوسٹ مارٹم کیلیے پمز اسپتال کے ڈاکٹرز کا بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔ترجمان پمز ڈاکٹر نوید احمد شیخ کے مطابق پوسٹ مارٹم اور میڈیکو لیگل معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ زیر غور ہے، اس سلسلے میں مجاز اتھارٹی کی طرف سے حتمی منظوری کے منتظر ہیں۔ بورڈ میں کلینیشین ، سرجنز اور سینئر ترین میڈیکولیگل افسران سمیت 6 سینئر ترین ڈاکٹر شامل ہوں گے۔

دوسری جانب ارشد شریف کا جسد خاکی پولیس کے حصار میں پمز اسپتال اسلام آباد روانہ کردیا گیا ہے۔ ارشد شریف کے صاحب زادے میت کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ ارشد شریف کا جسد خاکی اسلام آباد گولڑہ موڑ کے قریب نجی اسپتال کے سرد خانے میں رکھا گیا تھا۔ اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری اسپتال کے باہر تعینات تھی جب کہ ارشد شریف کے خاندان کے چند افراد بھی اسپتال میں موجود تھے۔