اسرائیلی بمباری مسلسل جاری ، تیسری بار دنیا سے رابطہ منقطع

eAwazآس پاس

غزہ پر اسرائیلی حملوں کو ایک مہینہ ہو گیا، غزہ پر آج صبح مسلسل اسرائیلی بمباری میں کم از کم 27 فلسطینی شہید ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں آج 15 افراد رفح کے قریبی علاقے تل السلطان میں، 10 افراد الزاویدا میں اور 2 افراد جبالیہ کیمپ میں شہید ہوئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے آج بھی خصوصاً غزہ سٹی اور اسپتالوں کے نزدیک بمباری کی گئی، ان حملوں کے بعد غزہ میں شہادتوں کی تعداد 9 ہزار 797 ہو گئی ہے۔

غزہ کا ایک ماہ میں تیسری بار دنیا سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے، ٹیلی فون اور انٹر نیٹ کی سہولتیں معطل کر دی گئی ہیں۔

اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ پر جارحیت میں 88 اہل کار جاں بحق ہو چکے ہیں، کسی بھی تنازع میں اقوامِ متحدہ کا یہ سب سے بڑا جانی نقصان ہے۔

دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے 60 اسرائیلی یرغمالی لاپتہ ہو گئے ہیں جبکہ 23 ملبے میں دب گئے ہیں۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق مغربی غزہ میں بچوں کے الرنتسی اسپتال پر اسرائیل نے بمباری کی۔

عرب میڈیا نے بتایا کہ غزہ میں بمباری کے باعث ایمرجنسی سروس کے اہلکار کچھ علاقوں تک نہیں پہنچ سکے۔