افغانستان ایک بار پھر زلزلے سے لرز اٹھا جہاں زلزلے کے تازہ جھٹکوں کی شدت پھر 6.3 ریکارڈ کی گئی۔
برطانوی خبر رساں ادارے (بی بی سی) کے مطابق گزشتہ ہفتے افغانستان کے صوبے ہرات میں شدید زلزلہ آیا تھا جس نے انفرااسٹرکچر کو تباہ کرکے رکھ دیا اور 4 ہزار سے زائد لوگ جان سے گئے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ مقامی وقت کے مطابق بدھ کی صبح 5 بج کر 10 منٹ کے قریب ایک بار پھر زلزلے نے افغانستان کے تباہ شدہ صوبے ہرات کو ہلا کر رکھ دیا جہاں زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کا بتانا ہےکہ افغانستان کے مغربی صوبے میں آنے والے زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی جس میں اب تک 8 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
دوسری جانب امداد اداروں کا کہنا ہےکہ افغانستان کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قلت ہے۔