کابل : افغانستان کی جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے ۔افغانستان کے وزیر برائے ہائر ایجوکیشن مولوی عبدالباقی حقانی نے سرکاری یونیورسٹیوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
گزشتہ سال 15 اگست کو طالبان کے افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے سرکاری یونیورسٹیز بند ہیں۔امارت اسلامی افغانستان کے ترجمان کے مطابق وزیر برائے ہائر ایجوکیشن مولوی عبدالباقی حقانی نے آج کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افغانستان بھر میں سرکاری یونیورسٹیز میں تعلیمی سلسلے کے آغاز کا اعلان کیا۔
افغانستان کے گرم موسم رکھنے والے صوبوں کی سرکاری یونیورسٹیوں میں تدریسی عمل کا آغاز 2 فروری سے ہوگا جبکہ سرد علاقوں میں سرکاری یونیورسٹیاں 26 فروری سے کھلیں گی اور پڑھائی کا آغاز ہوگا۔