اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا 54 واں اجلاس، کشمیری حریت رہنماؤں کی شرکت

eAwazآس پاس

جنیوا میں اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا 54 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں کشمیری حریت رہنما سردار امجد یوسف اور الطاف وانی سمیت دیگر نے شرکت کی۔

ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز سردار امجد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے اجلاس کو بتایا کہ بھارتی فورسز نے گزشتہ ماہ نکیال آزاد کشمیر میں ایک اور شہری کو شہید کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کونسل بھارت کو کشمیریوں کا خون بہانے سے روکنے کی کوششیں دگنی کرے، جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقِ خود ارادیت کا احترام کیا جائے۔

سردار امجد یوسف نے یہ بھی کہا کہ یاسین ملک اور خرم پرویز کو جعلی الزامات میں گرفتار کر کے ان کا ٹرائل کیا گیا۔

چیئرمین کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز الطاف حسین وانی نے اقوامِ متحدہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادیٔ اظہار، احتجاج اور اجتماع کا کوئی وجود نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ ہائی کمشنر کی تیسری رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں، خطے میں میڈیا کو مکمل طور پر خاموش کر دیا گیا ہے۔

الطاف حسین وانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ انسانی حقوق کونسل کشمیر کی صورتِ حال کا از سرِ نو جائزہ لے۔

کشمیری رہنماؤں نے اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتِ حال پر مکمل رپورٹ جاری کرنے پر زور بھی دیا۔