US tried to punish Imran Khan for 'disobedience', Russia

امریکا نے عمران خان کو ’نافرمانی‘ کی سزا دینے کی کوشش کی، روس

eAwazآس پاس

روس نے پاکستان کے اندرونی معاملات میں امریکا کی جانب سے ’شرمناک مداخلت کی ایک اور مبینہ کوشش‘ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نے ’نافرمان‘ عمران خان کو سزا دینے کی کوشش کی ہے۔

ایک بیان میں روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا کہ روس نے نوٹ کیا ہے کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم کے مشورے اور اس سے پہلے کے واقعات کے پیش نظر 3 اپریل کو قومی اسمبلی تحلیل کر دی۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال 24-23 فروری کو عمران خان کے ماسکو کے ورکنگ وزٹ کے اعلان کے فوراً بعد امریکیوں اور ان کے مغربی ساتھیوں نے وزیر اعظم پر غیر مہذبانہ انداز میں دباؤ ڈالنا شروع کر دیا اور اس دورے کو منسوخ کرنے کے لیے الٹی میٹم کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جب وہ اس کے باوجود ہمارے پاس آئے تو ڈونلڈ لُو نے واشنگٹن میں پاکستانی سفیر کو فون کیا اور اس دورے کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا جسے مسترد کر دیا گیا۔

ماریا زاخارووا نے کہا کہ پاکستانی میڈیا کے مطابق اس سال 7 مارچ کو پاکستانی سفیر اسد مجید کے ساتھ بات چیت میں ایک اعلیٰ امریکی اہلکار (غالباً ڈونلڈ لُو) نے یوکرین میں ہونے والے واقعات پر پاکستانی قیادت کے متوازن ردعمل کی شدید مذمت کی اور واضح کیا کہ امریکا کے ساتھ شراکت داری اسی صورت میں ممکن ہے جب عمران خان کو اقتدار سے ہٹا دیا جائے۔

روسی عہدیدار نے کہا کہ پارلیمنٹ میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد جس طرح پی ٹی آئی کے ممبران اسمبلی اپوزیشن کے ساتھ مل گئے، اس پیش رفت سے اس حوالے سے کوئی شک کی گنجائش نہیں رہی کہ امریکا نے ‘نافرمان’ عمران خان کو سزا دینے کا فیصلہ کیا۔

نیوز سورس ڈان نیوز